واشنگٹن۔ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابات کے دوران اپنے
وعدے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مقیم 20سے 30لاکھ تک غیر قانونی
تارکین وطن کو ملک بدر کیا جائے گا۔ مسٹر ٹرمپ نے الیکشن جیتنے کے بعد ایک
امریکی ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں گزشتہ روزکہا کہ مجرموں اور جرائم
پیشہ ریکارڈ رکھنے والے تارکین وطن کے خلاف کارروائی ان کی پہلی ترجیح
ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو سے متصل سرحد پر دیوار بنانے کے وعدے پر
قائم ہیں اور دیوار کے ساتھ باڑ بھی لگائی جا سکتی ہے۔دوسری جانب ایوان کے صدر اور ریپبلکن پارٹی کے لیڈر پال ریان نے کہا ہے کہ
مسٹر ٹرمپ کی انتخابی تشہیر میں اس بات پر زور دینے کے باوجود وہ بغیر
دستاویزات والے تارکین وطن کو پکڑنے اور ان کے انخلاء کے لئے حوالگی فورس
کا قیام کرنے کو تیار نہیں ہیں۔